بنگلورو:5/مئی(ایس او نیوز) شہر کے بلندور تالاب کی صفائی کیلئے نیشنل گرین ٹریبونل، ریاستی حکومت اور آلودگی کنٹرول بورڈ کی طرف سے سخت کارروائی کی جارہی ہے۔ٹریبونل نے ریاستی حکومت اور پلیوشن کنٹرول بورڈ کو ہدایت دی ہے کہ بلندور تالاب کے آس پاس موجود تمام صنعتوں کو فوری طور پر بند کردیا جائے، اس ہدایت کے بعد آج شہر میں آلودگی کنٹرول بورڈ کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں طے کیا گیا کہ اس تالاب کے حدود میں آنے والے 448کارخانوں کو فوری طور پر بند کردیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی جلد ہی مزید کارخانوں کو بند کرنے کی ہدایات جاری کی جائیں گی۔افسران نے بتایاکہ ان کارخانوں کی طرف سے کیمیاوی گندگی کی نکاسی مسلسل تنبیہہ کے باوجود بلندور تالاب میں کی جارہی تھی۔ اس وجہ سے بلندور تالاب کی صورتحال دن بدن خراب ہوگئی اور اس کا جھاگ عالمی سطح پر مرکزتوجہ بن گیا۔ بلند ور تالاب کو آلودگی سے پاک کرنے کیلئے آلودگی کنٹرول بورڈ نے اس کے آس پاس کی تمام کمپنیوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس کے علاوہ بلندور تالاب کی صفائی کا ذمہ ریاستی حکومت نے بنگلور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سپرد کیاہے، جس نے جنگی پیمانے پر اس کی صفائی کا کام شروع کردیا ہے۔ بیرون ملکی کمپنیوں کی مدد سے سب سے پہلے اس تالاب میں موجود کیمیکلس کو ہٹانے کاکام کیاجارہاہے۔ اس کے بعد تالاب میں گندگی کی نکاسی کا کام تیزی سے انجام دیا جائے گا۔ بتایاجاتاہے کہ اس تالاب کی مسلسل گندگی سے نالاں شہر کی مختلف تنظیموں نے اس کی صفائی یقینی بنانے کیلئے نیشنل گرین ٹریبونل سے رجوع کیاتھا، اس تالاب کی حالت زار پر ٹریبونل نے ریاستی حکومت اور پلیوشن کنٹرول بورڈ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سو دن کے اندر اس کی صفائی کو یقینی بنانے کے سخت احکامات جاری کئے، جس کے بعد حکومت نے بنگلور ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور دیگر ماہر غیر ملکی ایجنسیوں کی مدد سے اس تالاب کی صفائی کاکام شروع کروادیا ہے۔ توقع ہے کہ آنے والے دو تین ماہ کے دوران اس کام کو انجام تک پہنچایا جائے گا۔